تقریبِ رونمائی
یارکشائر ادبی فورم برطانیہ کے زیرِ اہتمام 20 ستمبر 2025 کو ’ہمارا ہیلتھ سینٹر‘ لیڈز میں شکاگو سے آئے ہوئے معروف نعت گو شاعر اور تنظیم حریمِ نعت کے بانی و چیئرمین محترم عابد رشید کے تیسرے نعتیہ مجموعہ “خیرالوریٰ” کی رونمائی کی پر وقار تقریب منعقد ہوئی۔ میزبانِ محفل اور فورم کی بورڈ ممبر سمیعہ ناز نے نہایت خوش اسلوبی سے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تقریب کا آغاز مولانا حمزہ کی تلاوتِ قرآن پاک اور محمد انس کی نعت سے ہوا۔ بعدازاں صدرِ محفل ڈاکٹر مختار الدین احمد، شاعرِ محترم عابد رشید اور کاروانِ ادب اولڈھم کے معروف شاعر صابر رضا کو اسٹیج پر خوش آمدید کہا گیا۔
تقریب میں عابد رشید کی نعتیہ خدمات، ان کی ادبی کاوشوں اور دیارِ غیر میں نعت کے فروغ کے حوالے سے خلوصِ دل سے خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔ صابر رضا نے کتاب “خیرالوریٰ” پر اپنے خیالات پیش کرتے ہوئے مصنف کو مبارکباد دی۔ میزبان نے بھی عابد رشید کا مفصل تعارف پیش کیا اور انہیں اس ادبی خدمت پر سراہا۔ عابد رشید نے اپنے خطاب میں فورم کا شکریہ ادا کیا، اپنی دیرینہ خواہش کے پوری ہونے پر مسرت کا اظہار کیا اور اپنی حمد و نعت پیش کیں، جنہیں حاضرین نے بھرپور داد سے نوازا۔